Friday
No: 119/2025
Date: 02-05-2025



جنوبی پنجاب میں شدید آندھی کے باعث بجلی تنصیبات کو نقصان
ملتان الیکٹرک پاورکمپنی (میپکو) ریجن میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب شدید آندھی اور گردو غبار کے طوفان کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ ملتان، مظفر گڑھ، ڈی جی خان، ساہیوال، خانیوال اور وہاڑی کے180سے زائد فیڈرز ٹرپ ہو ئے۔ملتان کے علاقہ بوسن روڈ اور ڈی جی خان کے مختلف علاقوں میں تیز رفتار ہوا سے بجلی تنصیبات کو نقصان پہنچا۔ پولز اور ٹرانسفارمرز گرنے کے واقعات رونماہوئے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گل محمد زاہد نے آپریشنل افسران کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی اور میپکو ہیڈ کوارٹر کے پاور ڈسٹری بیوشن سنٹرکے افسران کو بجلی فراہمی کی مانیٹرنگ کی ہدایت بھی کی۔ میپکو ٹیموں نے طوفان رکنے کے بعد بجلی بحالی کا کام شروع کیااور رات گئے تک متاثرہ فیڈرز سے بجلی بحال کردی گئی۔ پولز اور ٹرانسفارمرز نصب کرنے کے لئے شعبہ میٹریل مینجمنٹ کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر گزشتہ روز میٹریل کا اجراء کیاگیا اور میپکو اہلکاروں نے ہیوی مشینری کی مدد سے پولز اور ٹرانسفارمرز نصب کئے۔ میپکو ترجمان نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ خراب موسمی صورتحال میں بجلی تنصیبات سے دور رہیں اور کسی بھی حادثے کی صورت میں فوری طور پر 118 پر کال کریں۔ صارفین بلوں پر موجود موبائل نمبرز/دفاتر کے نمبرز پر بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔