Sunday
No:114/2025
Date: 27-04-2025



میپکو ریجن میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن جاری
ملتان الیکٹرک پاورکمپنی(میپکو) ریجن میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن جاری ہے۔متعدد نادہندہ زرعی ٹیوب ویلوں کے کنکشنز منقطع کرکے میٹرز، ٹرانسفارمرز اور انورٹرز اُتارلئے گئے۔ آپریشن کے دوران بجلی چوری بھی پکڑے گئے جن کے خلاف مقدمات درج کروانے کے لئے درخواستیں بھیج دی گئیں۔سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکووہاڑی سرکل وسیم اختر کی ہدایت پرمیپکو ٹیم نے پولیس فورس کے ہمراہ ٹبہ سلطان پور سب ڈویژن کی مختلف بستیوں اور چکوک میں نادہندگان کے خلاف آپریشن کیا۔ ایس ڈی او ٹبہ سلطان پور سب ڈویژن رانا اشتیاق کی سربراہی میں ٹیم نے چک 166/WB، چک 158/WB، چک 170/WB، چک 119/10-R،چک122/10-R، چک 123/10-R، چک 331/WBاور جندان والامیں بھاری واجبات کی عدم ادائیگی نہ کرنے پر 9نادہندہ زرعی ٹیوب ویل صارفین کے انورٹرز اُتارلئے گئے جبکہ آپریشن کے دوران مستقل نادہندگان سے 2لاکھ70ہزارروپے واجبات وصول کئے گئے۔سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو ساہیوال سرکل ناصر محمود فانی کی ہدایت پر مختلف سب ڈویژنوں کی ٹیموں نے بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن کیا۔ ایس ڈی او رورل سب ڈویژن ساہیوال کی سربراہی میں ٹیم نے لاکھوں روپے واجبات کی ادائیگی نہ کرنے پر متعددمستقل نادہندگان کے کنکشنز منقطع کرکے بجلی تنصیبات اور ایل ٹی لائنیں اُتارلیں۔ چیکنگ کے دوران 2بجلی چور پکڑے گئے۔ بجلی چوروں کے میٹرزاور تاریں اتارلی گئیں اور ان کے خلاف مقدمات درج کروانے کے لئے درخواستیں بھیج دیں۔ میپکو بونگاحیات سب ڈویژن ساہیوال کی ٹیم نے لاکھوں روپے واجبات کے نادہندہ صارف کو دوسرے کنکشن سے بجلی استعمال کرتے ہوئے پکڑ لیا۔ محمد اکرم نامی زرعی ٹیوب ویل نادہندہ کے دو کنکشنوں پر 5لاکھ55ہزارروپے واجبات ہیں۔ ڈیفالٹر کا کنکشن واجبات کی عدم ادائیگی پر منقطع ہے۔ نادہندہ صارف محمد اسلم نامی صارف کے کنکشن سے بجلی استعمال کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ میپکو ٹیم نے کنکشن منقطع کرکے بجلی تنصیبات اُتارلیں۔سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکوبہاولنگرسرکل خالد حسین سیال اور ونگ کمانڈر رینجرز کی زیرنگرانی ایکسین چشتیاں ڈویژن ناصر محمود اور ایس ڈی او سٹی سب ڈویژن چشتیاں کی سربراہی میں ٹیم نے بستی چیمہ والی، بستی شبل شاہ اور چاہ وڈاں والا میں نادہندگان کے خلاف آپریشن کیا۔ ایک لاکھ 96ہزارروپے واجبات کی ادائیگی نہ کرنے پر ایک مستقل نادہندہ زرعی ٹیوب ویل صارف کی بجلی تنصیبات اُتارلی گئیں جبکہ 4نادہندہ زرعی ٹیو ب ویلوں کے میٹرز اورپی وی سی اُتارلی گئی۔ آپریشن کے دوران رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز سے 7لاکھ60ہزارروپے وصول کئے گئے۔