Tuesday
No: 76/2025
Date: 18-03-2025



مالی سال 2024-25ء میں میپکو کی کارکردگی
ملتان الیکٹرک پاورکمپنی(میپکو) نے رواں مالی سال 2024-25ء کے دوران لائن لاسز کی شرح میں 1.5(ایک اعشاریہ پانچ) فیصد کمی کی ہے جس سے کمپنی کے 17کروڑ84لاکھ یونٹس بچاکر 4ارب 97کروڑروپے کا فائدہ ہواہے۔ مالی سال 2023-24ء کے پہلے 8ماہ جولائی تا فروری کے عرصہ میں ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن (ٹی اینڈ ڈی)لائن لاسز 12.4فیصد تھے جو رواں مالی سال میں 1.5فیصد کم ہوکر 10.9فیصد کی سطح پر آگئے ہیں۔چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گُل محمد زاہد نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے 13اضلاع میں ہائی لاس فیڈرز کے نقصان کی شرح میں کمی کرنے کے لئے ڈسکو سپورٹ یونٹ میں شامل رینجرز، پولیس، ضلعی محکموں کے ہمراہ میپکوکی ٹیمیں آپریشن کررہی ہیں۔ زیادہ نقصان والے 11KVفیڈرز کے زیر انتظام علاقوں میں ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کی سطح پر لائن لاسز کم کرنے کے لئے سکیننگ میٹرزنصب کرکے اعدادوشمار مرتب کئے جارہے ہیں اور ان ٹرانسفارمرز سے منسلک علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کئے گئے ہیں جس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کئے جارہے ہیں۔ رواں مالی سال 2024-25ء کے دوران 4لاکھ30ہزار افراد کو مختلف طریقوں سے بجلی چور ی کرتے ہوئے پکڑا جنہیں 6ارب 58کروڑروپے جرمانہ عائد کیاگیا اور عائد کردہ جرمانے میں سے تقریباََ5ارب روپے کی خطیر رقم وصول کرکے خزانے میں جمع کروائی گئی۔ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے 19ہزار686بجلی چوروں کے خلاف مقدمات کے اندراج کے لئے درخواستیں دی گئیں ان میں سے 18ہزار820بجلی چوروں کے خلاف مختلف پولیس اسٹیشنوں میں مقدمات درج ہوئے۔پہلے 8ماہ میں صارفین سے بلنگ کی مد میں 4کھرب 54ارب 31کروڑروپے ریکوری کی گئی جس سے پروگریسو ریکوری کی شرح تقریباََ100فیصد رہی ہے۔ یکم جولائی 2024ء سے 28فروری 2025ء کے دوران پرائیویٹ صارفین سے 4کھرب 28ارب 45کروڑروپے وصولیوں کے ساتھ شرح 100فیصد اور سرکاری اداروں /محکموں سے بلنگ کی مد میں 25ارب 85کروڑروپے ریکوری کی گئی۔ رواں مالی سال کے دوران ریجن بھر میں 2لاکھ 86ہزار 691نئے کنکشنز فراہم کئے گئے ان کنکشنز کی تنصیب کے بعد میپکو ریجن میں صارفین کی کل تعداد 86لاکھ50ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ صارفین کی تعداد اور بجلی کے تقسیمی نظام کے لحاظ سے میپکو ملک کی نمبر ون کمپنی بن گئی ہے۔ 2لاکھ76ہزار گھریلو، 9ہزار607کمرشل، 149جنرل سروس، 202صنعتی، 127زرعی ٹیوب ویل اور 18دیگر کیٹگریز کے کنکشنز نصب کئے گئے۔ صارفین کو استعمال شدہ یونٹس کے مطابق ریڈنگ اور بلنگ کے لئے 4لاکھ64ہزار خراب اور جلنے والے میٹرز تبدیل کئے گئے ان میں 4لاکھ سے زائد سنگل فیز اور 63ہزار176تھری فیز میٹرز شامل ہیں۔