Tuesday
No: 96/2025
Date:08-04-2025



ایس ای میپکو وہاڑی سرکل کی وہاڑی ڈویژن کے افسران و ملازمین سے اہداف کے حصول بارے گفتگو
سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو وہاڑی سرکل وسیم اختر نے کہا ہے کہ رننگ نادہندگان سے واجب الادا بجلی بل وصول کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور مستقل نادہندگان سے بقایاجات وصول نہ ہونے کی صورت میں فوری طورپر لینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت کاروائی کی جائے۔ نوٹسز کا اجراء کرکے ڈسکو سپورٹ یونٹ میں شامل فورسز کے ہمراہ ریکوری کی جائے۔ ریکوری اہداف حاصل نہ کرنے والے آپریشنل افسران اور سٹاف کے خلاف محکمانہ ایکشن لیاجائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وہاڑی ڈویژن کے دورے کے موقع پر ایس ڈی اوز، میٹرانسپکٹرز اور لائن سپریٹنڈنٹس کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیج وائز بلوں کی اشاعت کے ساتھ ہی ریکوری سٹاف کو فہرستیں فراہم کی جائیں اور تمام ایس ڈی اوز ریکوری ٹیموں کے ہمراہ فیلڈ میں نکلیں۔ ایگزیکٹو انجینئرز بھی فیلڈ میں ریکوری ٹیموں کے ہمراہ جائیں۔ نادہندہ زرعی ٹیوب ویلوں سے بقایاجات کی عدم وصولی پر ٹرانسفارمرز فوری منقطع کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ شہری اور دیہی علاقوں میں دن کے ساتھ ساتھ رات کے اوقات میں بھی آپریشن کیاجائے۔بجلی چوروں کو عائد کردہ جرمانے وصول کئے جائیں اور مقدمات کا اندراج کرواکر گرفتاریاں بھی کروائی جائیں۔ انہوں نے تمام سب ڈویژنوں اور ڈویژنوں کے کسٹمرسروسز سنٹرز میں مستعد اور بااخلاق سٹاف تعینات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تین شفٹوں میں سٹاف کی ڈیوٹیاں لگائی جائیں اور تمام شکایات کا آن لائن اندراج بھی کیاجائے۔ ایکسین وہاڑی ڈویژن عمارصدیقی نے ڈویژن کی کارکردگی بارے بریفنگ دی۔ اس موقع پر ریونیو آفیسر وہاڑی ڈویژن، تمام سب ڈویژنوں کے ایس ڈی اوز، میٹرریڈنگ انچارج اور فیڈرز انچارج بھی موجود تھے۔