Tuesday
No: 103/2025
Date: 15-04-2025


مسلسل غیر حاضری پر ایس ڈی او نوکری سے برخاست
ملتان الیکٹرک پاورکمپنی (میپکو) انتظامیہ نے ڈیپوٹیشن پیریڈ کی مدت ختم ہونے کے باوجود مسلسل غیر حاضری پر ایک جونیئر انجینئر /ایس ڈی او کو نوکری سے برخاست کردیاہے۔ چیف انجینئر (او اینڈ ایم)ڈسٹری بیوشن محمد شہزاد راعی نے پاکستان واپڈا ایمپلائز ای اینڈ ڈی رولز 1978ء کے تحت کاروائی کرتے ہوئے جونیئر انجینئر /ایس ڈی او انجینئر محمد فیصل خان کو 4جون 2022ء سے مسلسل غیر حاضری پرملازمت سے برخاست کیاہے۔ واضح رہے کہ انجینئر محمد فیصل خان کی 3سال کے لئے میسر ز ایم ٹی ایم ایم انجینئرنگ کنسلٹنسی سعودی عرب کے لئے 3سال کی ڈیپوٹیشن منظورکی گئی تھی۔ بعدازاں مذکورہ ایس ڈی او کی درخواست پر میسرز جل انٹرنیشنل کمپنی لمیٹڈ سعودی عرب میں مزیددو سال کے لئے ڈیپوٹیشن پیریڈ میں 3جون 2022ء تک توسیع کی گئی تاہم اہلکار ڈیپوٹیشن کی مدت ختم ہونے کے باوجود ڈیوٹی پر حاضر نہیں ہوئے اور تاحال غیر حاضررہے۔ ای اینڈ ڈی رولز کے تحت دفتر حاضرہونے کے لئے نوٹسز کا اجراء کیاگیالیکن وہ حاضر نہیں ہوئے جس پرچیف انجینئر (او اینڈ ایم)ڈسٹری بیوشن میپکو نے یکطرفہ کاروائی کرتے ہوئے کیس کا فیصلہ سنایاہے۔