Sunday
No: 108/2025
Date: 20-04-2025



چیف انجینئر کسٹمرسروسز میپکو کا خانیوال سرکل کا دورہ، افسرا ن کے اجلاس سے خطاب
چیف انجینئر کسٹمرسروسز میپکو سید جواد منصوراحمد نے لائن لاسز کی شرح میں کمی کرنے کے لئے ہائی ٹینشن فیڈرز سے منسلک ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز پر سکیننگ میٹرزنصب کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں اورکہا ہے کہ سکیننگ میٹرز کا ڈیٹا حاصل کیاجائے اور بجلی چوروں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیاجائے۔ بجلی چوروں کو عائد کردہ جرمانے وصول کئے جائیں اور مقدمات درج کرواکر گرفتاریاں کروائی جائیں۔ نادہندہ زرعی ٹیوب ویل صارفین کے ذمہ واجب الادا رقوم وصول کرنے کے لئے رینجرز اور پولیس فورسز کی خدمات حاصل کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میپکو خانیوال سرکل کے دورے کے موقع پر افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مستقل نادہندگان سے بقایاجات وصول کرنے کے لئے خصوصی آپریشن کیاجائے اور ان کے زیر استعمال دیگر کنکشنز منقطع کرکے بجلی تنصیبات اُتاری جائیں۔ چیف انجینئر نے خانیوال/میاں چنوں /کبیروالہ ڈویژنوں کے ایگزیکٹو انجینئرز کو کسٹمرسروسز بہتربنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام شکایات کا ریکارڈ آن لائن رجسٹرڈ کیاجائے اور درج ہونے والی شکایات کا فوری اور بروقت ازالہ کیاجائے۔ سب ڈویژنل، ڈویژنل کسٹمرسروسز سنٹرز میں مستعد اور بااخلاق عملہ تعینات کیاجائے اور روزانہ شکایات مراکز کی چیکنگ و مانیٹرنگ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی کے دوران لائن سٹاف کی سیفٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہے۔ تمام سب ڈویژنوں کے لائن سٹاف کے زیر استعمال ٹی اینڈ پی/پی پی ای کی چیکنگ کی جائے اور جہاں ضرورت ہو وہاں فوری سیفٹی آلات فراہم کئے جائیں۔ فیڈرز کا پرمٹ حاصل کئے بغیر لائنوں /ٹرانسفارمرز اور پولز پر ہرگز کام نہ کیاجائے۔ سپریٹنڈنگ انجینئر میپکو خانیوال سرکل مشتاق احمد اٹھنگل نے چیف انجینئر کسٹمرسروسز کو سرکل کی کارکردگی اور اہداف کے حصول بارے بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمرشل منیجر فرخ مشتاق، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل نصراللہ خان ناصر، ایکسین خانیوال ڈویژن ریحان چوہان، ایکسین کبیروالہ ڈویژن کاظم حسین اورایکسین میاں چنوں ڈویژن ثاقب سلیمان موجود تھے۔